محمد سلیم الرحمن صاحب کی ایک نصیحت Posted on January 12, 2024January 12, 2024 by Naina Adil ( تازہ عکس کے ساتھ)جب اردو کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے میں نے محمد سلیم الرحمٰن صاحب سے مشورہ لیا تو ان کا جواب بہت واضح اور دو ٹوک تھا۔ چونکہ انہیں علم ہے کہ میری دونوں کتابیں گوشہ نشینی میں تخلیق ہوئی ہیں۔ سو دنیا داری کے جھمیلوں سے دور اپنے تخلیقی کاموں میں مگن رہنے کی تاکید کرتے ہوئے فرمایا کتاب کی رونمائی وغیرہ سے کیا فرق پڑتا ہے؟ اداس نسلیں کی کون سی رونمائی ہوئی تھی؟ اگر آپ شریک ہوئیں تو بیرونی طرف کھلنے والا یہ پرفریب راستہ اندر کی سازگار تخلیقی فضا کے لیے ضرر رساں اور زیاں گر ثابت ہو سکتا ہے۔گو متحرم افتخار عارف اور سعید نقوی صاحب کی عنایات اور نجیبہ آپی کی محبت مجھے کانفرس میں کھینچ لے گئی اور میری خوش بختی کہ صاحب بصیرت بزرگ ہستیوں کے ساتھ ساتھ چند ہم عصروں کی صحبت گھڑی بھر میسر رہی۔یہ خوش گوار تجربات ساری محبتیں اور گنجائشیں اپنی جگہ مگر سلیم الرحمنٰ صاحب کی نصیحت ہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ سوشل میڈیا ہو یا ادبی بیٹھکیں گروہ بندی، ستائشِ باہمی اور پی آر کی کثیف فضا سے محفوظ رہتے ہوئے صرف اور صرف اپنے حرف کی صداقت و قوت پر اعتبار و انحصار نہ کرنا ناصرف آپ اپنی ذات سے فریب کھانے بلکہ دوسروں کو بھی مستقل دھوکہ دینے مرادف ہے۔ سو حافظؔ کی یہ بات گرہ میں باندھ لیجے کہبه مشک چین و چِگِل نیست بوی گل محتاجکه نافههاش ز بندِ قبایِ خویشتن است( جمال ِ گُل نہیں مشک ِختن کا حاجت مند، اسے ہے نافہ ہر اک تکمۂ قبا اپنا)