میرا پہلا ناول “مقدس گناہ” (اپریل 2023) سنگ میل پبلشرز لاہور نے شائع کیا۔ مقدس گناہ کی اشاعت کے موقع پر مرحومین آصف اکبر جیلانی، شمیم حنفی اور پروفیسر رئیس علوی کی بےپایاں عنایات و التفات کا اعتراف ضروری ہے۔ شمیم صاحب نے متعلقہ موضوعات کے حوالے سے ناصرف کئی اہم کتابیں تجویز کیں بلکہ موجودہ عہد میں political satire لکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے جستہ جستہ دیگر کئی اہم نکات پر اپنی قیمتی آراء سے نوازتے رہے۔ آصف اکبر صاحب ناول کے ہر باب کی ایڈیٹنگ انتہائی خلوص اور عرق ریزی کے ساتھ کرتے رہے، اور یہ سلسلہ کم و بیش تین سال تک جاری رہا۔ دوہزار بیس میں ان کے انتقال کے بعد پروفیسر رئیس علوی صاحب کا تعاون اگلے کئی ماہ تک مستقل حاصل رہا۔ اس ناول میں ان کی دلچسپی کا اندازہ اس مختصر رائے سے لگایا جا سکتا ہے
“It is a portrait of a culture of speaking in a low tone, listening loudly, observing carefully, feeling sharply and expressing silently. Raees Alvi”
تاہم، علالت کے باعث وہ بھی ناول کا آخری حصہ دیکھنے سے قاصر رہے اور پھر ایڈیٹنگ کا بقیہ کام راقم نے از خود انجام دیا۔
شکرگزاری کے احساس سے زیربار میرا سر اپنی ماں کی مجذوبیت اور نانی کی محبت کے آگے بھی ہمیشہ خم رہے گا۔ بشمول آفاق صدیقی اور انیس احمد قریشی جدا ہو جانے والی ان تمام بزرگ ہستیوں کے لیے اپنے محبوب شاعر حافظؔ شیرازی کا ایک بیش قیمت شعر دہرانا چاہتی ہوں۔ أشعر بالامتنان، کہ اس ناول کے ہر رنگ کی شروعات ان کے بیش بہا بےبدل اشعار کے ساتھ ہوتی ہے۔
ازکمیای مھر تو زر گشت روی من
آری بہ یمن لطف ِ شما خاک زر شود
نینا عادل